لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ لاہور نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میچ کی لائیو اسکریننگ کے لیے لبرٹی چوک میں خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل)، پی ایچ اے، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں لبرٹی چوک میں نصب کی جانے والی بڑی اسکرین، جدید ساؤنڈ سسٹم، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایل نے اسکریننگ پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے انتظامات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ محکموں کو لبرٹی چوک کا مشترکہ دورہ کر کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے نیویارک سے براہِ راست نشر ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کے موقع پر شہریوں کو محفوظ، منظم اور پُرجوش ماحول فراہم کیا جائے گا۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی کہ لائیو اسکریننگ کے دوران ٹریفک کی روانی، فول پروف سکیورٹی اور مناسب پارکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ بڑی اسکرین اور ساؤنڈ سسٹم کا معیار بھی بہترین ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، پی ایچ اے اور پیرا اسکریننگ ایریا میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ لبرٹی چوک میں فٹ بال کے عالمی جنون کو دوبالا کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں تاکہ شہری فیفا ورلڈ کپ فائنل سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔











