ملتان،20 جولائی(اے پی پی): سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ایس ایس پی آپریشنز حیدر علی کے ہمراہ حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے 787ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں دربار حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس پی سٹی بیدار بخت، ڈی ایس پی دہلی گیٹ ضیاء اللہ اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران سی پی او ملتان نے دربار کے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سیکیورٹی پوائنٹس اور تعینات پولیس نفری کا معائنہ کیا۔ ایس پی سٹی نے عرس کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات، نفری کی تعیناتی، مانیٹرنگ سسٹم اور دیگر حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سی پی او صادق علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ عرس کے دوران ہر آنے والے زائر کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی دربار میں داخل ہونے دیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکار ہر وقت چوکس رہیں، مشکوک افراد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور زائرین کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملتان پولیس حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی تاکہ تمام مذہبی تقریبات خوش اسلوبی اور پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔











