کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

8

اسلام آباد، 20جولائی(اے پی پی):اسلام آباد میں کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو میں غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے اشتراک کار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی ٹریننگ و ایکسچینج پروگرام پر بھی بات ہوئی۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں فروغ دینا چاہتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔

کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتی ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے فریم ورک مرتب کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، کینیڈین ہائی کمشنر، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔