اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے انڈیا اسٹڈی سینٹر نے یوتھ فورم فار کشمیر کے اشتراک سے “یومِ الحاقِ پاکستان: تاریخ کا ازسرِنو جائزہ، مستقبل کی سمت” کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون تھے، جبکہ سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سفیر مسعود خان نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔
دیگر مقررین میں آئی ایس ایس آئی کے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق، کشمیری رہنما اور انسانی حقوق کی کارکن شمیم شال، نوجوان کشمیری اسکالر سعود سلطان اور انڈیا اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم عباس شامل تھے۔
مہمانِ خصوصی رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ 19 جولائی کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ تقریباً آٹھ دہائیاں قبل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سری نگر میں ایک تاریخی قرارداد منظور کی، جس میں واضح طور پر پاکستان سے الحاق کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی یومِ الحاقِ پاکستان پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے۔
سفیر مسعود خان نے کہا کہ کشمیر کا پاکستان سے الحاق، پاکستان کے نظریاتی پس منظر سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیمِ برصغیر سے قبل مسلم اکثریتی علاقوں کے مستقبل پر بحث جاری تھی اور جموں و کشمیر کے عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی حمایت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کشمیری عوام کو رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق تسلیم کیا گیا ہے۔
شمیم شال نے اپنے خطاب میں 1947ء کی کشمیری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت یہ فیصلہ کیا کہ کشمیری عوام کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر سفیر خالد محمود نے کہا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے پاکستان کے قیام سے قبل ہی ریاست کے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا، جو مذہبی، جغرافیائی، ثقافتی اور معاشی روابط کی بنیاد پر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔











