قومی آبادی استحکام منصوبہ 2026-2036 کی تیاری کیلئے وزارتِ منصوبہ بندی اور وزارتِ صحت میں اتفاق

6

اسلام آباد، 21 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ

کمال کی زیر صدارت قومی آبادی استحکام منصوبہ 2026-2036 سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے ابتدائی مسودے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن، وزارتِ منصوبہ بندی کے ممبر (پاپولیشن) سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ قومی آبادی استحکام منصوبہ 2026-2036 کا حتمی مسودہ وزارتِ منصوبہ بندی اور وزارتِ قومی صحت مشترکہ طور پر تیار کریں گی۔ یہ بھی طے پایا کہ حتمی مسودہ منظوری اور مشاورت کے لیے تمام صوبوں کو ارسال کیا جائے گا جس کے بعد اسے غور و خوض کے لیے قومی آبادی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

دونوں وفاقی وزراء نے ملک کو درپیش آبادی کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں پائیدار استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مربوط قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون اور ہم آہنگی انتہائی اہم ہے۔