سکھر: گمس گمبٹ کے شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی میں 50 کامیاب پی ٹی ایم سی پروسیجر مکمل کرلیئے گئے

7

سکھر،21 جولائی(اے پی پی)   گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی میں 50 کامیاب پی ٹی ایم سی پروسیجر مکمل کرلیئے گئے،یہ پروسیجرز ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سربراہ شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی ڈاکٹر نریش کمار چوہان نے انجام دیے۔

ڈاکٹر نریش کمار چوہان کے مطابق اس پروسیجر سے مستفید ہونے والے مریضوں کی عمر 11 سال سے 58 سال کے درمیان تھی اور تمام پروسیجرز بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دل کے والوں کی تنگی میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک کم تکلیف دہ اور زندگی بچانے والا پروسیجر ہے جس سے مریض کو فوری افاقہ ہوتا ہے اور اوپن ہارٹ سرجری سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر بھٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کی سرپرستی میں گمس میں دل کے امراض کے جدید علاج بشمول بچوں اور بڑوں کے پیدائشی دل کے امراض کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، جس پر نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ آتا ہے، 50 پی ٹی ایم سی کیسز کی کامیاب تکمیل گمس گمبٹ میں دل کے امراض کے جدید علاج کو عام آدمی کے لیے قابل رسائی اور سستا بنانے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہے۔