پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل یقینی  فراہمی :ضلعی انتظامیہ متحرک، ڈی سی لودھراں کی پیٹرول پمپس مالکان سے مشاورت

3

لودھراں،22 اجولائی(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایات پر پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت پیٹرول پمپس مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد ظفر، سول ڈیفنس آفیسر طاہر عباس بھٹہ، ڈی او انڈسٹریز اور ضلع بھر کے پیٹرول پمپس مالکان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے سپلائی چین کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی اور ڈیمانڈ کے مؤثر نظام پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی قلت یا مصنوعی بحران پیدا نہ ہو۔انہوں نے پیٹرول پمپس مالکان پر زور دیا کہ وہ قومی اور اجتماعی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فروخت ہی ان کے کاروباری مفاد میں بھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کے لیے ذمہ دار افسران تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ تمام پمپس مالکان روزانہ کی بنیاد پر ڈیمانڈ اور سپلائی کی تفصیلات ڈی او انڈسٹریز کو فراہم کریں۔اجلاس میں شجرکاری مہم کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پیٹرول پمپس مالکان شجرکاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت اور پودے فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے پیٹرول پمپس کے اطراف شجرکاری اور پودوں کی دیکھ بھال کے لیے مناسب مقامات بھی مختص کیے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔