پنجاب کو جنوبی ایشیا کا صفِ اول کا اے آئی اور ٹیکنالوجی ہب بنایا جا رہا ہے، علی ڈار

5

لاہور، 26 جولائی(اے پی پی): مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کو جنوبی ایشیا کا صفِ اول کا مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ٹیکنالوجی ہب بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاشا کے زیر اہتمام منعقدہ سی ایکس او نیٹ ورکنگ ڈنر میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے بھی مشترکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ امریکی، برطانوی اور دیگر سفارتی مشنز کے نمائندگان، سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، آئی ٹی صنعت کے رہنما اور پاکستان کی صفِ اول کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تقریباً 200 چیف ایگزیکٹو افسران بھی شریک ہوئے۔علی ڈار نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے سالانہ دو ارب امریکی ڈالر سے زائد کی برآمدات قومی معیشت کے لیے قابلِ فخر کامیابی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ برآمدات میں اضافے، زرمبادلہ کے حصول اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کا ایک مضبوط ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی برآمدات پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری ہی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے۔مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں عالمی معیار کا اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری، اختراع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی آئی ٹی صنعت کو عالمی منڈیوں میں مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔