وزیر تجارت جام کمال خان سے اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے وفد کی ملاقات

5

اسلام آباد، 27 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس ایم ایز کے فروغ، ٹیکس اصلاحات، صنعتی انفراسٹرکچر، کاروباری آسانیوں، فوڈ انڈسٹری، ای کامرس اور خصوصی اکنامک زونز کے قیام سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کے فروغ اور صنعت کاری کے لیے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری ریگولیٹری رکاوٹیں ختم کی جا رہی ہیں، کاروبار کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید آسان اور سہل بنایا جا رہا ہے اور ٹیکس نیٹ میں توسیع نئے کاروباروں کی دستاویزی شمولیت کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی نئی ایس ایم ای تعریف کو کاروباری شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید چھوٹے صنعتی زونز اور صنعتی اسٹیٹس کے قیام سے پیداوار، روزگار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ انڈسٹری اور ای کامرس پاکستان کی معیشت کے تیزی سے ابھرتے ہوئے شعبے ہیں اور ان کی ترقی کے لیے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائیو اسٹاک ویلیو چین میں ویلیو ایڈیشن قومی معیشت کے لیے نمایاں فوائد کا باعث بنے گا۔

وفد نے اسلام آباد میں جدید سلاٹر ہاؤس کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حلال گوشت کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔ وفد نے چھوٹے تاجروں اور صنعتوں کے لیے 100 ایکڑ پر خصوصی اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اکنامک زون کے لیے قابلِ عمل منصوبہ پیش کیا جائے، حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں اور صنعتوں کے لیے خصوصی اکنامک زون کے قیام سے صنعت، سرمایہ کاری اور برآمدات کو مزید فروغ ملے گا۔