وفاقی وزارت صحت اور انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان معاہدہ، اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر انڈس کے سپرد

3

اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزارت صحت اور انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے تحت اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کی انتظامی و طبی خدمات انڈس ہسپتال نیٹ ورک کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور وزارت صحت کے درمیان دو معاہدے طے پائے ہیں جن کے تحت متعدی بیماریوں کے ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کو انڈس کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے دونوں اداروں کی حوالگی کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وفاقی حکومت کے شعبۂ صحت کے لیے ایک اہم اور تاریخی دن ہے۔ وزارت صحت اور انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت اسلام آباد انفیکشن ڈیزیز ہسپتال اور ریجنل بلڈ سینٹر کی انتظامی و طبی خدمات انڈس ہسپتال نیٹ ورک کے سپرد کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال چین جبکہ ریجنل بلڈ سینٹر جرمنی کے تعاون سے جدید سہولیات سے آراستہ تعمیر کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ تمام قانونی اور پیپرا قواعد کے مطابق آزاد کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں۔ تفصیلی فزیبلٹی اور مسابقتی عمل کے بعد انڈس ہسپتال نیٹ ورک کا انتخاب کیا گیا۔ ایک قابل عمل ماڈل وزیراعظم کو پیش کیا گیا جس کی منظوری کے بعد آج یہ معاہدہ ممکن ہوا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عمارتیں چلانا نہیں بلکہ عوام کو معیاری، مؤثر اور پائیدار طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ہسپتال نہ صرف موجودہ معیار سے بہتر خدمات فراہم کریں گے بلکہ ایک پائیدار نظام کے تحت طویل عرصے تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عارضی انتظامات نہیں بلکہ ایسا مضبوط نظام قائم کر رہے ہیں جو آنے والی حکومتوں میں بھی مؤثر انداز میں کام کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر صحت نے وزارت صحت کی پوری ٹیم، متعلقہ افسران اور انڈس ہسپتال نیٹ ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری عوامی خدمت، شفافیت اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کی ایک بہترین مثال ثابت ہوگی۔