سندھ اور بلوچستان پولیس کا بین الصوبائی سرحد پر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس

5

حب، 30 جولائی(اے پی پی):سندھ اور بلوچستان پولیس کی اعلیٰ قیادت کا ایک اہم اور پہلا باضابطہ مشترکہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں کراچی سے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک، ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، ڈی آئی جی اسد رضا سمیت سینئر ایس ایس پیز نے شرکت کی، جبکہ بلوچستان پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر، ایس ایس پی حب مرزا بلال حسن اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس  میں دونوں صوبوں کی بین الصوبائی سرحد کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی، اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن کی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے سرحد پر نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے اور مشترکہ گشت شروع کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں صوبوں کے افسران نے جرائم کے خاتمے کے لیے باہمی رابطوں کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس حوالے سے اگلا اجلاس سندھ میں منعقد کیا جائے گا۔