لاہور، 2 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے دورے پر موجود صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کا دورہ کیا، جہاں مقامی سکھ سنگت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کی انتظامیہ، سابق پردھان اوتار سنگھ ٹیری، پردھان دلبیر سنگھ، جنرل سیکرٹری منیشا کور اور دیگر رہنماؤں نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا میں مقیم سکھ برادری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی روابط کے فروغ اور پاکستان سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دورے کے دوران پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ نوید، سردار جسکرن سنگھ، سردار پلویندر سنگھ اور حافظ مزمل بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی پیغام سکھ سنگت تک پہنچاتے ہوئے انہیں نومبر میں گروپورب کی تقریبات اور اپنے مقدس گوردواروں کے درشن کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کے مذہبی ورثے کے تحفظ، خدمت اور فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ حکومت پاکستان، حکومت پنجاب، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات، فول پروف سکیورٹی اور پُرامن مذہبی ماحول فراہم کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت مقدس گوردواروں کی بحالی، تزئین و آرائش اور یاتریوں کی سہولت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور مقدس مقامات کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن قابلِ تحسین ہے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ان کے دورۂ ملائیشیا کا مقصد مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت اور پُرامن تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی حکومت دنیا بھر کی سکھ برادری سے روابط مضبوط بنانے اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔تقریب کے اختتام پر گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کی سکھ سنگت نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور پاکستانی وفد کو سروپا پیش کرکے اعزاز سے نوازا، جبکہ دونوں جانب مذہبی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











