شکاگو:مولانارومیؒ کی تعلیمات آج بھی محبت ، رواداری ، خدمت خلق اورانسان دوستی کا پیغام دیتی ہیں،وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

6

شکاگو، 04 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے شکاگو میں منعقدہ ترک فیسٹیول کے موقع پر “مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات اور عصرِ حاضر میں ان کی معنویت” کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات آج بھی محبت، رواداری، خدمتِ خلق اور انسان دوستی کا مؤثر پیغام دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومیؒ کی فکر عصرِ حاضر کے اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے اور ان کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہو کر پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محبت، عاجزی، برداشت اور خود احتسابی ایک پُرامن اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہیں، جبکہ خدمتِ خلق ہی حقیقی روحانیت کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمزور اور محروم طبقات کی مدد اسلامی تعلیمات کا بنیادی تقاضا ہے، اس لیے خواتین کو بااختیار بنانا، بچوں کی معیاری تعلیم اور معذور افراد کی معاونت قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے ساتھ اخلاقی اقدار اور سماجی انصاف کو بھی یکساں اہمیت دینا ہوگی تاکہ ایک مضبوط، خوشحال اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

سید عمران احمد شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ خدمتِ خلق کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ترک فیسٹیول کے موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے علماء، دانشوروں اور کمیونٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی بہبود، انسانی خدمت اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔