راولپنڈی ، 04 اگست(اے پی پی): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (عسکری)، ہلال امتیاز، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہیں پاکستان کی ڈیزاسٹر تیاری اور جاری مون سون سیزن کے لیے مربوط ردعمل کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے COAS & CDF کو NEOC کی آپریشنل صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی ردعمل کے نظام سے آگاہ کیا۔ اس میں “ڈیزاسٹر لینس 2026” بھی شامل ہے جو مون سون کی موجودہ صورتحال اور متعدد خطرات کی نگرانی کا نظام ظاہر کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیت مضبوط بنانے پر این ڈی ایم اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تیاری، بین الادارہ مؤثر رابطہ کاری اور جان و مال اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے فوری ردعمل پر زور دیا۔
COAS & CDF نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کو ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے آپریشنز میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔











