ملتان 05 اگست(اے پی پی): پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن میں یومِ استحصالِ کشمیر قومی جذبے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ملتان ڈویژن کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر آگاہی پوسٹرز آویزاں کیے گئے، جن پر مسئلہ کشمیر کے پس منظر اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے مختصر تاریخی معلومات درج کی گئیں، تاکہ مسافروں اور عام شہریوں کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان، محمد خالد خان کی سربراہی میں ڈی ایس آفس سے اسٹیشن چوک تک ملازمین پر مشتمل ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں کے حق میں نعرے لگائے اور بھارتی اقدامات کے خلاف اپنے شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملتان محمد خالد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ایک اہم مسئلہ ہے اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدامات نے نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو متاثر کیا بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی خطرات سے دوچار کیا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے جائز حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے اصولی مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے بھی قومی ادارے کی حیثیت سے ہر اہم قومی موقع پر عوامی آگاہی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ یومِ استحصالِ کشمیر کا مقصد نہ صرف کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہے بلکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔











