گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول بوسن روڈ  ملتان میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور قومی جذبے کیساتھ منایا گیا

6

ملتان، 05 اگست(اے پی پی): گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول بوسن روڈ  ملتان میں یومِ استحصالِ کشمیر نہایت وقار، قومی جذبے اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذۂ کرام، طلبہ اور سکول کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کی قیادت اور تمام پروگرام کی نمائندگی پرنسپل عابد فرید انجم بزدار نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں 5 اگست 2019 کے ان غیرقانونی اقدامات کی یاد دلاتا ہے جن کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قومی شعور، اتحاد اور امن کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

تقریب کے دوران طلبہ نے تقاریر اور ملی جذبے سے بھرپور اظہارِ خیال کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

پروگرام کے اختتام پر اساتذۂ کرام، طلبہ  اور سکول انتظامیہ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ایک پرامن ریلی بھی نکالی۔ شرکاء نے کشمیر کے حق میں اور مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جبکہ قومی و ملی جذبے سے سرشار نعرے بلند کیے گئے۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔