سیالکوٹ: ڈی سی اویس مشتاق کی زیرِ قیادت یومِ استحصالِ کشمیر کی مرکزی تقریب اور ریلی کا انعقاد

5

سیالکوٹ : 5 اگست ( اے پی پی):  یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر سیالکوٹ میں مرکزی تقریب کچہری چوک پر منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق تھے۔

تقریب میں کشمیری رہنماؤں، اساتذہ، طلبہ، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء اور بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد قومی ترانہ اور کشمیر کا قومی نغمہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ “5 اگست کا کالا قانون نامنظور”، “کشمیر بنے گا پاکستان” اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ تقریب کے اختتام پر کچہری چوک سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ آج کا دن کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کا دن ہے اور پوری پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی، جسے پاکستان اور کشمیری عوام کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، جس کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔

ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ سیالکوٹ کے غیور شہریوں نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر پاک افواج کے شانہ بشانہ ملکی دفاع، قومی سلامتی اور کشمیر کاز کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔