امریکی ناظم الامور کی اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات، پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن اور قانونی تعاون پر تبادلۂ خیال

5

اسلام آباد، 6 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی اور شعبہ قانون میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے خلیجی تنازع میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور کردار کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان شعبہ قانون میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاقِ رائے پایا گیا۔