وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا مچھلی کی برآمدات بڑھانے کیلئے مراعاتی اسکیم کا جائزہ

2

اسلام آباد، 7 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے مچھلی اور سمندری غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کارکردگی سے مشروط برآمدی مراعاتی اسکیم متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا، جس کا مقصد موجودہ ٹیکس نظام برقرار رکھتے ہوئے برآمدات، سرمایہ کاری اور عالمی مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ پرفارمنس بیسڈ انکریمنٹل ایکسپورٹ انسینٹو اسکیم کے تحت برآمد کنندگان کو اضافی برآمدات پر مراعات دی جائیں گی، جبکہ موجودہ ٹیکس ڈھانچے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کا یہ موزوں وقت ہے۔ ان کے بقول مؤثر مراعات اور برآمد کنندگان سے قریبی رابطہ سمندری غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور قومی معیشت میں اس شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مجوزہ اسکیم کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد حفیظ الرحمٰن کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی میں کورنگی فش ہاربر اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہد، میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصور وسان اور اسسٹنٹ کمشنر فشریز محمد فرحان خان شامل ہیں۔

کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات وفاقی وزیر کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے فش ایکسپورٹرز کیلئے قومی ایوارڈز کی تجاویز بھی تیار کی جائیں گی اور صنعت سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اسکیم کا حتمی فریم ورک مرتب کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصور وسان نے کہا کہ ہدفی مراعات اور برآمد کنندگان کے ساتھ مؤثر رابطہ عالمی منڈی میں پاکستان کی سمندری غذائی صنعت کی مسابقت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی سمندری غذائی مصنوعات کی برآمدات 568 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم علاقائی حریف ممالک اس شعبے میں کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کا شعبہ برآمدی آمدن اور روزگار کا اہم ذریعہ ہے اور حکومت برآمدات میں اضافے، معیار کی بہتری اور عالمی منڈی میں پاکستان کی مسابقت بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔