لاہور، 9 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں محمد یوسف کسیلہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، میاں محمد ثاقب خورشید اور محمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے گزشتہ پانچ دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دو رویہ شاندار ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی نے دو رویہ ملتان وہاڑی روڈ کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے کی ترقی اور عوام کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کی تکمیل پر عوام کی جانب سے ملنے والے مثبت فیڈبیک سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ روزانہ چار اضلاع کے لاکھوں مسافر اس سڑک سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے وہاڑی میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی سے بورے والا اور ٹبہ سلطان پور کے لیے الیکٹرو بس سروس عوام کے لیے بہترین سفری سہولت ہے۔ انہوں نے طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت کو وزیراعلیٰ کا مثالی اقدام قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل بورے والا، میلسی اور وہاڑی میں تقریباً 21 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، جبکہ وہاڑی ریلوے بازار کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا اربن کلچر بھی نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کا جذبہ انہیں قائد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی ملتان روڈ کی فوری تعمیر علاقے کے عوام کا حق تھا جس کی تکمیل کی اللہ تعالیٰ نے توفیق دی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موجودہ مون سون کے دوران نکاسی آب کی نئی سکیموں کی بدولت صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب بارشوں کے بعد دنوں، ہفتوں اور مہینوں کھڑا رہنے والا پانی چند گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کاشتکار جبکہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ پنجاب حکومت عوامی فلاح اور یکساں ترقی کے منصوبوں کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔











