قیام پاکستان میں اقلیتی برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے ، انعام الرحمٰن کمبوہ کا قومی اقلیتی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

5

اسلام آباد، 11 اگست (اے پی پی): مرکزی مسلم لیگ کے صدر انعام الرحمٰن کمبوہ نے کہا ہے کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلا تفریق تمام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کرے، پاکستان کے قیام اور تعمیر و ترقی میں مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اقلیتی دن کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی نظامت سلیم الیاس نے کی جبکہ اس میں اقلیتی ونگ کے صدر امانت مسیح، صحافی ہرمیت سنگھ، صاحبزادہ پیر سید سلطان احمد، سیف اللہ منٹو، نوید مسیح، شوکت سلفی اور پاسٹر سہیل اشتیاق سمیت دیگر رہنماؤں اور اقلیتی نمائندوں نے شرکت کی۔

انعام الرحمٰن کمبوہ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کے تاریخی خطاب میں واضح کر دیا تھا کہ پاکستان میں تمام شہری برابر ہوں گے اور ہر فرد کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس ناسور کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی ونگ کے صدر امانت مسیح اور دیگر مقررین نے قائد اعظم کے ساتھی اور پہلے وزیر قانون جگندر ناتھ منڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصاب، میڈیا اور معاشرے میں نفرت کے بجائے محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے تاکہ پاکستان ایک خوبصورت گلدستے کی مانند قائم رہے۔

سیرت النبی ﷺ اور واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ دیگر مذاہب کے احترام اور حسنِ سلوک کا درس دیا ہے۔ صحافی ہرمیت سنگھ اور صاحبزادہ سلطان احمد نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ملکی دفاع کے لیے تمام شہری ایک پیج پر ہیں۔

تقریب کے اختتام پر صدر انعام الرحمٰن کمبوہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے دعاؤں کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔