لاہور، 11 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ لبرٹی چوک میں جشنِ آزادی کے میگا ایونٹ سمیت شہر بھر میں مختلف تقریبات کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹاؤن ہال میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صحت، ریسکیو، تعلیم، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق یومِ آزادی کی تقریبات کو شاندار، محفوظ اور قومی جذبے سے بھرپور بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی، پارکنگ، لائٹنگ اور شہری سہولیات کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یومِ آزادی کی سرگرمیوں کا آغاز 9 اگست کو سائیکل ریلی سے ہو چکا ہے، جبکہ آزادی بائیک ریلی، کراٹے، پاور لفٹنگ، میٹ ریسلنگ، اسکواش اور دنگل سمیت مختلف کھیلوں اور عوامی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
13 اگست کو لبرٹی راؤنڈ اباؤٹ پر میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کو حضوری باغ، بادشاہی مسجد میں مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔
لاہور کے اہم مقامات کو قومی رنگوں سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ نمایاں مقامات پر قومی ترانوں اور یومِ آزادی کے پیغامات پر مشتمل ایس ایم ڈی اسکرینز نصب کی جا رہی ہیں۔ اہم سرکاری و نجی عمارتوں کو خصوصی لائٹنگ سے بھی روشن کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ذیشان ملک نے ہدایت کی کہ 13 اور 14 اگست کی مرکزی تقریبات سمیت تمام پروگراموں میں شہریوں کی سہولت، سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں یومِ آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ ایک شاندار اور یادگار جشن کے طور پر پیش کیا جائے گا۔











