شہادت حضرت امام حسنؓ کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان ہائی الرٹ، 15 ایمبولینسز اور 24 موٹر بائیک ایمبولینسز تعینات

6

ملتان، 12اگست(اے پی پی): شہادت حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان نے ایمرجنسی کور پلان کے تحت بھرپور انتظامات مکمل کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کے دوران عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے خصوصی ریسکیو پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق ایمرجنسی کور پلان کے تحت ضلع ملتان میں 15 ایمبولینسز، 5 فائر وہیکلز، 24 موٹر بائیک ایمبولینسز اور 25 ریسکیو پوسٹس تعینات کی گئی ہیں۔ بڑی مجالس اور جلوسوں کے لیے موبائل ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ اہم امام بارگاہوں پر خصوصی ریسکیو ٹیمیں موجود رہیں گی۔

ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور صفر المظفر کے دوران موصول ہونے والی ہر ایمرجنسی کال پر فوری رسپانس یقینی بنایا جا رہا ہے۔ موٹر بائیک ایمبولینسز کے اہلکار بھی خصوصی مقامات پر الرٹ رہتے ہوئے بروقت طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کور پلان کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے اور ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کا عملہ ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔