محکمہ داخلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات کا اہم اجلاس ،نئی جیلوں کی تعمیر سے متعلق پیشرفت کا جائزہ

0

لاہور 13 اگست:( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات کا محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ہوا۔ چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان نے اجلاس کی صدارت کی۔

 اجلاس میں آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی پریزن شوکت فیروز، چیف سائیکالوجسٹ پریزن سعدیہ ظفر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ریفارمز ایجنڈا پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ہیلتھ پروگرام کے تحت ہر قیدی کی جیل آمد پر میڈیکل ٹیسٹس کے ساتھ سائیکلوجیکل اسسمنٹ بھی کی جاتی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 96,110 اسیران کی ہیلتھ سکریننگ کی جاچکی ہے جبکہ جنوری سے جون تک 107,851 اسیران کی سائیکلوجیکل اسیسمنٹ اور سکریننگ مکمل کی گئی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران کو تعلیم دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے اور اب تک 11,968 اسیران کو تعلیم دی جاچکی ہے۔ اسیران کی سہولت اور فلاح کیلئے تمام جیلوں میں وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ویلفیئر سٹورز بھی قائم کیے گئے ہیں جنہیں اسیران نے اب تک 161,489 بار وزٹ کیا اور 306 ملین روپے کی خریداری کی گئی۔

 اجلاس میں لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں نئی ویمن جیلوں کی تعمیر پر پیشرفت اور پنجاب میں نئی جیلوں و اضافی بیرکس کی تعمیر کے ذریعے قیدیوں کی گنجائش میں اضافے کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان نے کہا کہ جیلوں میں بہتر ماحول اور تربیت کی فراہمی کے ذریعے مجرمان کی اصلاح کے اقدامات جاری ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شہری گھر بیٹھے پنجاب بھر کی جیلوں میں ملاقات کی آن لائن بکنگ کرسکتے ہیں اور اب تک 60 ہزار سے زائد شہری “ملاقات ایپ” کے ذریعے جیلوں میں اسیران سے ملاقات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل انڈسٹریز میں اسیران کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کا جدید نظام متعارف کروایا گیا ہے تاکہ اسیران کی محنت کو معاشی معاونت میں تبدیل کیا جاسکے۔

 چیئرمین ٹاسک فورس نے مزید کہا کہ فیصل آباد، میانوالی اور ڈی جی خان کے بعد سینٹرل جیل لاہور کو بھی سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف جیل منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں جدید کیمروں اور دیگر آلات کی انسٹالیشن جلد مکمل کی جائے۔