اسلام آباد، 14 اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان شہباز احمد سینئر (پرائیڈ آف پرفارمنس، ہلالِ امتیاز)نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اے پی پی کے لیے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا اہم ترین اثاثہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس یوم آزادی پر عہد اور فیصلہ کریں کہ وہ مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
شہباز احمد سینئر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے، اس لیے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔











