کراچی ،14 اگست ( اے پی پی): صدر ایف پی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی قومی یکجہتی اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ آج کے دن قائداعظم سمیت بانیانِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کو مضبوط معیشت، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کی ضرورت ہے۔ نجی شعبہ ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ اور صنعتی ترقی ہماری معاشی ترجیحات ہونی چاہئیں۔ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہنے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے حکومت اور بزنس کمیونٹی کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کے لیے متحد ہیں۔ پوری قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے۔











