یومِ آزادی : وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا خصوصی پیغام

4

اسلام آباد، 14 اگست ( اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے  حنیف عباسی نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ایک طویل جدوجہد، لازوال قربانیوں اور بے مثال ہجرت کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور قیامِ پاکستان کے عظیم مقصد کی یاد دلاتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت برصغیر کے مسلمانوں نے انتہائی مشکل حالات میں ہجرت کی۔ لاکھوں مسلمان اپنے گھروں، جائیدادوں اور آبائی علاقوں کو چھوڑ کر ٹرینوں کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ پاکستان ریلوے بھی قیامِ پاکستان کی اس تاریخی جدوجہد کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔

انہوں نے قیامِ پاکستان کے وقت پیش آنے والے ایک تاریخی واقعے کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مدھیہ پردیش سے ایک ٹرین مہاجرین کو لے کر پاکستان کی جانب روانہ ہوئی، جس کی سکیورٹی کی ذمہ داری میجر محمد رفیع کے سپرد تھی۔

وفاقی وزیر کے مطابق میجر محمد رفیع نے ایک ماسٹر کی کے ذریعے ٹرین کے کوچز کو باہر سے لاک کر دیا۔ اس ٹرین میں خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر مہاجرین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ میجر محمد رفیع نے اسی حکمتِ عملی کے ذریعے مسافروں کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی اور ٹرین کو تقریباً 1200 میل کا طویل سفر طے کروا کر 19 دن بعد کراچی پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ پاکستان کا حصول کس قدر مشکل اور قربانیوں سے بھرپور سفر تھا۔ ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں، مال اور گھروں کی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا۔ آزادی ہمیں آسانی سے نہیں ملی بلکہ اس کے پیچھے لاکھوں انسانوں کی قربانیاں اور بے شمار داستانیں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور رنگ، نسل، زبان اور علاقائی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کی مضبوطی کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ پختون، پنجابی، بلوچ، سندھی اور دیگر تمام قومیتیں ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں، لیکن سب سے بڑھ کر ہم پاکستانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کے لیے مقدم ہے اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے اس ملک کو مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم، محفوظ اور سربلند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بچے اور نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اور ہمیں انہیں ایک ایسا مضبوط اور محفوظ پاکستان دینا ہے جس پر آنے والی نسلیں فخر کر سکیں۔