ملتان میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے قومی پرچم سربلند کیا

6

ملتان ، 14 اگست(اے پی پی): شہرِ اولیاء میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی، جہاں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے قومی پرچم سربلند کیا۔

تقریب میں سی پی او صادق علی ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اراکین اسمبلی، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور مختلف محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

پرچم کشائی سے قبل سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے غبارے فضا میں چھوڑ کر امن کا پیغام بھی دیا۔

اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ 14 اگست ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ پاکستان کو امن، عدل اور ترقی کا گہوارہ بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک پاک فوج نے ثابت کیا ہے کہ پوری قوم متحد اور بیدار ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ 14 اگست وطن کی حفاظت، ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو تازہ کرنے کا دن ہے۔ ہر شہری کو وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل تک آزادی کا حقیقی پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور ملکی سلامتی و ترقی کی اہمیت سے آگاہ رہیں۔تقریب کے اختتام پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔