ملتان :حسین آگاہی روڈ اپ گریڈیشن، برانڈ روڈ ڈویلپمنٹ منصوبوں پر کام تیز

4

ملتان، 18 اگست (اے پی پی:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شہرِ اولیاء میں ترقیاتی عمل تیز کردیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی ریلیف کے منصوبوں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے حسین آگاہی روڈ اپ گریڈیشن اور برانڈ روڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سڑکوں اور دکانات کی بیوٹیفکیشن، برانڈنگ سمیت جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حسین آگاہی روڈ کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام 30 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ برانڈ روڈ پر انڈر گراؤنڈ بجلی کے کام کے علاوہ تمام سول ورک بھی 30 اگست تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہریوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کی فوری تکمیل کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ حسین آگاہی روڈ اور برانڈ روڈ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں تاکہ کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے باعث شہریوں کو ٹریفک اور آمدورفت کے مسائل کا سامنا ہے، جن کا بخوبی احساس ہے۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے بعد شہریوں اور تاجروں کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔