صدر زرداری کی بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز سے ملاقات، عوامی آگاہی بڑھانے اور متاثرہ صارفین کی مدد کی ہدایت

4

اسلام آباد، 19 اگست 2026ء (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کے روز ایوانِ صدر اسلام آباد میں سالانہ رپورٹ 2025 پیش کیے جانے کے موقع پر بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز سے ملاقات کے دوران ہدایت کی ہے کہ بینکنگ محتسب کے ادارے کی خدمات کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلائی جائے تاکہ صارفین خود کو فراڈ اور دھوکہ دہی سے محفوظ رکھ سکیں۔

ملاقات کے دوران بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز نے صدر مملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی، جبکہ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

صدر زرداری نے کہا کہ جدید بینکنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور معلومات کی کمی کی وجہ سے سادہ لوح صارفین فراڈ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بینکنگ محتسب کو ہدایت کی کہ خواتین، معذور افراد، سینئر سٹیزنز اور کم آمدن طبقے کو انصاف کی فراہمی میں خصوصی سہولت دی جائے۔

اس موقع پر صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران بینکنگ محتسب کو 35,130 نئی شکایتیں موصول ہوئیں اور پچھلے سال کی 13,793 زیرِ التوا شکایتوں کو ملا کر کل 48,923 کیسز میں سے 36,280 شکایتیں حل کی گئیں، جن کے ذریعے صارفین کو 1 ارب 87 کروڑ روپے (1,879.766 ملین) سے زائد کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

 مزید برآں، رواں سال 2026 کی پہلی چھ ماہی کے دوران 18,482 شکایتیں حل کر کے 76 کروڑ 27 لاکھ روپے کا مالی ریلیف دلایا گیا۔