صدر زرداری کی ٹیکس دہندگان کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے موثر نظام بنانے کی ہدایت

2

اسلام آباد، 19 اگست (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیڈرل ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط اور موثر نظام بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو صحیح معنوں میں راحت مل سکے۔

یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں فیڈرل ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے انہیں سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔

 اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

صدر زرداری نے کہا کہ فیڈرل ٹیکس محتسب کا ادارہ ٹیکس قوانین کے غلط استعمال اور بدانتظامی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے عوامی شکایتوں کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران فیڈرل ٹیکس محتسب کو 37,160 نئی شکایتیں موصول ہوئیں، جن میں سے 35,830 کیسز کو حل کر دیا گیا۔

 اس کے علاوہ، ٹیکس دہندگان کے 13 ارب روپے (13,000 ملین) سے زائد کے روکے گئے ریفنڈز کے دعوؤں کا فیصلہ کر کے ایف بی آر کے ذریعے متاثرہ افراد کو رقم واپس دلوائی گئی۔