لاہور، 19 اگست (اے پی پی): پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (پی ہوٹا) کے مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینہ اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینہ کی منظوری دے دی گئی۔ یہ منظوری صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کے 41ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں مانیٹرنگ اتھارٹی کے 40ویں اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی۔
ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور مانیٹرنگ اتھارٹی کے دیگر ممبران نے پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کو ہلال امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر زمان خان نے اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈا آئٹمز منظوری کے لیے پیش کیے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کوشاں ہے، جبکہ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ذریعے ہزاروں انسانی جانیں بچائی جا رہی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر زمان خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق پی ہوٹا کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر زمان خان، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، صدر اوفتھلمولوجک سوسائٹی آف پاکستان لاہور چیپٹر پروفیسر جاوید چوہدری، سینئر ریسرچ آفیسر نیشنل ہیلتھ ریسرچ کمپلیکس صائمہ ناز محسن، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عبدالرؤف اور دیگر ممبران و افسران نے شرکت کی۔











