وزیراعظم شہباز شریف کا پنشنرز کیلئے جدید پروف آف لائف نظام کا افتتاح، بائیو میٹرک و چہرے کی تصدیق سے بینکوں کے چکر ختم ہوں گے، محمد شہباز شریف

3

اسلام آباد۔20اگست  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کے جدید نظام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہےکہ پنشنرز کے لئے نیا بائیو میٹرک اور چہرے کا تصدیقی نظام انسانیت کی بڑی خدمت ہے،جدید ڈیجیٹل سسٹم اور ایپ سے لاکھوں پنشنرز مستفید ہوں گے، نئے نظام سے پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنشنرز کے لیے نیا نظام بہت بڑی خدمت ہے،نئے بائیو میٹرک اور چہرے کا تصدیقی نظام انسانیت کی خدمت ہے،نادرا کی جانب سے جدید پنشن ایپ اور تصدیقی نظام مفت فراہم کیا گیا ہے،اس اقدام پر وزیر خزانہ، چیئرمین نادرا اور سیکرٹری خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے بزرگوں اور معذوروں کو آسانی ہوگی، نئے نظام سے پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل سسٹم اور ایپ سے لاکھوں پنشنرز مستفید ہوں گے، حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں ڈیجیٹل پاکستان کا سفر جاری ہے، اس سفر میں نادرا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے،پنشنرز کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا گیا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنشن کے نظام میں شفافیت آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ راست نظام کے ذریعے ادائیگی میں تیزی اور شفافیت آئی ہے ،چہرے کا تصدیقی طریقہ کار پنشنرز کادیرینہ مطالبہ تھا،تصدیقی عمل کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی ۔تقریب میں پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجراء سے متعلق راہنمائی پر  مبنی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔