وزیراعلیٰ مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ پانچ تاریخ سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

5

لاہور، 20 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ پانچ تاریخ سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنیوں کے ورکرز کو ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں، جبکہ روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر متعلقہ کمپنی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن، کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہروں اور دیہات میں عملے اور ورکرز کی غیرحاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صفائی آپریشن میں غفلت اور بے ضابطگیوں پر سخت ترین کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے ایم ڈی واساز کو روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں رہنے جبکہ ٹی ایم اوز اور ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم پانچ یونین کونسلز کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ فعال کرنے کا بھی حکم دیا گیا، جو ای بائیکس پر سوار ہوکر سڑکوں، گلی محلوں اور بازاروں کی نگرانی کرے گا۔

انہوں نے گلی محلوں اور سڑکوں کے اطراف خالی پلاٹس کی صفائی، ویسٹ انکلیوژرز کی باقاعدہ صفائی، ٹوٹی دیواروں اور دروازوں کی مرمت اور مکینیکل سویپرز کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمرشل اور رہائشی علاقوں میں مسلسل صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو “انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن” سٹیکر دیا جائے گا، جبکہ بہترین کارکردگی پر وزیراعلیٰ کی جانب سے گفٹ یا سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے نکاسی آب میں بہتری کے لیے ڈی سلٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور صفائی سے متعلق عوامی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کے ایم ڈی، ایف ایم اوز اور ٹی ایم اوز کے کے پی آئیز مقرر کرنے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب عوام کی سہولت، صفائی اور سوشل سروس کا قابلِ قدر پروگرام ہے، اس کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری نظر آنی چاہیے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ دفتروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لینے کے بجائے افسران اور عملے کو فیلڈ میں کام کرنا ہوگا۔