ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ، جدید ڈیجیٹل نظام کو سراہا

5

اسلام آباد،21اگست(اے پی پی):ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے ملائیشین وزیر داخلہ کو نادرا کے جدید نظام اور ڈیجیٹل اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملائیشین وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا کا دورہ انتہائی خوشگوار اور حوصلہ افزا رہا۔ نادرا کی ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے شہریوں کو تیز رفتار اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ نادرا کی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کی عکاس ہیں۔

اس موقع پر ملائیشین وفد نے نادرا ہیڈکوارٹر کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔