پی پی 179 میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

2

قصور,22اگست(اے پی پی) :سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیرِ صدارت حلقہ پی پی 179 میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ افسران نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اسکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حلقہ پی پی 179 میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سڑکوں، تعلیمی اداروں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا، ملک اعجاز احمد خان، ملک ریاض احمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایکسیئن بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، ہائی وے، سی ای او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔