اسلام آباد، 25 اگست(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمٰن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں قومی اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے درمیان پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے ملک کفایت الرحمٰن کو ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی، گلگت بلتستان اسمبلی کے ساتھ پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
“قانون سازی اور پارلیمانی امور میں گلگت بلتستان اسمبلی کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔اسپیکر نے کہا کہ پیپس کے تحت گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان اور عملے کے لیے تربیتی پروگرامز اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے اسپیکرز کانفرنس کو قانون ساز اداروں کے درمیان رابطے، اتفاقِ رائے اور تجربات کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے گیم چینجر منصوبہ ہے۔گلگت بلتستان معدنی وسائل اور سیاحت کے شعبوں میں وسیع استعداد رکھتا ہے۔ معدنی وسائل کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کو ملکی معیشت اور سماجی ترقی کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا۔
ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمٰن نے اسپیکر قومی اسمبلی کی نیک خواہشات اور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔











