مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح، شجر کاری ماحول کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ملکی معیشت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

4

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں زیتون کا پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ تقریب میں اراکینِ پارلیمنٹ، قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شجر کاری ماحول کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجر کاری کو فروغ دینا ہوگا اور درخت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اراکینِ پارلیمنٹ اور عوام پر زور دیا کہ وہ مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومت و عوام مل کر ملک کو سرسبز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف، صحت مند اور خوشحال پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شجر کاری ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کا تیل بہترین خوردنی تیل ہے، جبکہ پاکستان کی آب و ہوا زیتون کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر پاکستان خوردنی تیل کے شعبے میں خودکفالت کی جانب اہم پیش رفت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافے سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ زرعی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صرف ماحول دوست اقدام نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجر کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ شجر کاری مہم کا حصہ بنے اور اپنے حصے کا کم از کم ایک پودا ضرور لگائے۔ انہوں نے عوام، اراکینِ پارلیمنٹ اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں تاکہ پاکستان کو صاف، صحت مند، سرسبز اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماحول کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی فیصل آمین کی جانب سے زیتون کا پودا فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔