نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن مسلمانوں کے لیے عظیم اعزاز اور خوشی کا موقع ہے، شاہدہ اختر علی

6

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن مسلمانوں کے لیے عظیم اعزاز اور خوشی کا موقع ہے، ہمیں اس خوشی کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر منانا چاہیے۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت دن ہے اور بحیثیت مسلمان یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم اپنے آقا حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ ہمارے لیے مکمل ضابطہ حیات اور بہترین عملی نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس مبارک موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔

شاہدہ اختر علی نے کہا کہ اسلام، شعائر اسلام اور نبی کریم ﷺ کی عملی زندگی ہمارے لیے واضح رہنمائی فراہم کرتی ہے، اس لیے ہمیں صرف زبانی طور پر محبت کا اظہار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنے کردار اور عمل سے بھی اس کا ثبوت دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں باعمل مسلمان بن کر نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا چاہیے تاکہ ہماری عملی زندگی پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ بن سکے۔

انہوں نے پوری قوم کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت موقع پر ہمیں اتحاد، محبت، اخوت اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کرنا چاہیے.