حضرت محمد ﷺ رحمت العالمین ہیں،آپ ؐ نے نہ صرف اتحاد بین المسلمین بلکہ پوری دنیا کو صلح رحمی، محبت، پیار اور بھائی چارے کا درس دیا، شہلا رضا

5

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ رحمت العالمین ہیں اور آپ ﷺ نے نہ صرف اتحاد بین المسلمین بلکہ پوری دنیا کو صلح رحمی، محبت، پیار اور بھائی چارے کا درس دیا۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ان باتوں میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے جن سے معاشرے میں تفرقہ پیدا ہو، بلکہ ہر وہ اقدام کرنا چاہیے جس سے ملک میں محبت، بھائی چارہ اور اتحاد فروغ پائے۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا بابرکت موقع ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور معاشرے میں رواداری، محبت اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔

شہلا رضا نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو قومی اتحاد اور ملک میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں اتحاد اور بہتری کے لیے اپناکردار ادا کریں۔