مذہبی سکالر ڈاکٹر فاروق حسین شاہ کی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ ہ وسلم کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو

3

اسلام آباد، 25 اگست  (اے پی پی ): مذہبی سکالر ڈاکٹر فاروق حسین شاہ نے کہا ہے کہ نعت عشقِ رسول ﷺ کے اظہار کا ایک خوبصورت اور مؤثر ذریعہ ہے۔ نعت کے ذریعے عاشقانِ رسول ﷺ اپنے جذباتِ عقیدت کو الفاظ کا روپ دیتے ہیں، جبکہ میلاد النبی ﷺ کا مبارک موقع ہمیں حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی عظیم سیرت، اعلیٰ اخلاق اور تعلیمات کو یاد کرنے اور اپنی زندگیوں میں اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نعت اور میلاد النبی ﷺ دراصل سیرتِ طیبہ سے وابستگی کو مضبوط کرنے اور محبتِ رسول ﷺ کو اپنے کردار و عمل میں ڈھالنے کی دعوت دیتے ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق حسین شاہ نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمدِ مبارک پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ ہمیں اس مبارک موقع پر خوشی منانے کے ساتھ ساتھ اس عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کے لیے رہنما بنائیں گے اور آپ ﷺ کی تعلیمات، حسنِ اخلاق، صبر، برداشت، عدل، محبت اور انسانیت کی خدمت کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نعت، میلاد النبی ﷺ اور سیرتِ النبی ﷺ ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ نعت محبت و عقیدت کے اظہار کا ذریعہ ہے، میلاد النبی ﷺ اس محبت کو یاد کرنے اور اجاگر کرنے کا موقع ہے، جبکہ سیرتِ طیبہ ہمیں اس محبت کو عملی زندگی میں اختیار کرنے کا راستہ دکھاتی ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو بھی سیرتِ رسول ﷺ سے روشناس کرانے اور ان کے کردار و شخصیت کی تعمیر میں سیرتِ طیبہ کی روشنی سے رہنمائی لینے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ محبت، اخلاق، برداشت، خدمت اور انسانیت کے احترام جیسے اعلیٰ اوصاف کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا سکیں۔

ڈاکٹر فاروق حسین شاہ نے کہا کہ آج کے دور میں سیرتِ النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا اور بالخصوص نوجوان نسل تک ان کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر ہم حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کریں تو معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری، عدل اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ میلاد النبی ﷺ کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ ہم محبتِ رسول ﷺ کو اپنے دلوں میں مضبوط کریں اور آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کو اپنی زندگیوں کے لیے عملی نمونہ بنائیں۔