چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پیغام

2

لاہور،26 اگست ( اے پی پی): چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت اور ہدایت کا عظیم پیغام ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے محبت، امن، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا روشن راستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسبِ روایت اس سال بھی ان کے انتخابی حلقہ پی پی-172 کی تمام یونین کونسلز میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی فلوٹس کا اہتمام کیا گیا، جبکہ گلی گلی اور محلہ محلہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشیاں منائی گئیں اور محبت و عشقِ رسول ﷺ کا پیغام عام کیا گیا۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمیں اس مبارک موقع پر سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ انہوں نے تمام اہلِ اسلام کو جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی دلی مبارکباد بھی پیش کی۔