جہلم : 12 ربیع الاول کی مرکزی تقریب “رحمت اللعالمین” کانفرنس منعقد

5

جہلم،26 اگست ( اے پی پی): جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی فرزندان اسلام نے روایتی عقیدت و احترام سے بارہ ربیع الاول کی پر نور محافل کا اہتمام کیا۔

جہلم میں بارہ ربیع الاول کی مرکزی تقریب رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی تھے۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ہادی بر حق کو اللّہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ آقائِےمحترم  ﷺ کی ذات اقدس ہر شعبے، ہر عمر اور ہر مسئلے میں ہماری کامل راہنمائی کرتی ہے۔ آپ ﷺ کی سچائی اور امانت کی گواہی مخالفین نے بھی دی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نوجوان نسل نبی کریم  ﷺکے اخلاق حسنہ سے راہنمائی لیں کہ اختلاف میں بھی اخلاق کا دامن کیسے تھاما جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے دین اور اقدار پر قائم رہتے ہوئے جدید علوم اور جدید دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے۔

رحمت اللعالمین کانفرنس میں رسول کریم ﷺکے حضور گل ہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ علماء کرام اور مشائخ عظام نے حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی، دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔