پاکستان  کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور تاقیامت قائم رہے گا، جسٹس ڈاکٹر محمد انور شاہ

4

اسلام آباد،26اگست  (اے پی پی): چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ جسٹس ڈاکٹر محمد انور شاہ نے کہا ہےکہ یہ ملک کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور تاقیامت قائم رہے گا۔

وہ بدھ کو وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام قومی سیرت النبی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس کا موضوع  ’’ نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار  سیرت النبیﷺ کی روشنی میں‘‘  تھا۔ انہوں نے کہا کہ  وہ سیرت النبی کانفرنس کی اس بابرکت اور پرنور محفل  میں مدعو کرنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے اپنی جامع تقریر میں ہر موضوع کا احاطہ کیا ہے،سرکاری سطح پر منعقدہ یہ محفل دیکھ کر احساس ہوا کہ  ہمیں اس ملک کا تحفظ اسی طرح سے کرنا چاہیے کہ یہ کس  وجہ سے بنی ہے،یہ کسی لسانی تقسیم یا جاگیر دارانہ تقسیم کی بنیاد پر معرض وجود میں نہیں آئی،یہ ریاست تاقیامت قائم رہے گی،یہاں اسلام اور  حضرت محمد ﷺکا نام لیاجاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ معروف نعت خواں یہاں موجود ہیں،ان  کی نعت خوانی پر رشک آتا ہے کہ انہیں تحفتاً  یہ خوبصورت لہجہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا جذبہ،عشق رسول دل سے بیان کرسکتے ہیں،اس طرح کی نعتیہ محفلوں کی تاثیر پر دعوی کرسکتا ہوں کہ اس محفل میں آنے سے پہلے شرکاء کے دل دنیاوی محفل میں  مشغول ہوئے ہوں گے لیکن  یہاں آنے کے بعد اپنے دل کو ٹٹول کر محسوس کرسکتے ہیں،یہ نعتیہ محفل شرکاء کے دل کی دنیا پر ضرور اثر کرے گی ، اسی لئے یہ ملک بنا اور اسی بنیاد پر یہ قائم رہے گا۔