اسلام آباد،26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ پمز ہسپتال میں بچوں کے آئی سی یو میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی،فرانزک کے ہیڈ اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بدھ کو پمز کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پمز کے ایم سی ایچ کی نرسری وارڈ میں پونے سات بجےآتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش کیا۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے شروع ہوئی،آئی سی یو میں گیس کے سلنڈرز،لائن،پلاسٹک کے آلات کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی،بدقسمتی سے بچوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ایک المیہ اور افسوسناک ہے۔
انتظامیہ کے مطابق وہاں ڈیوٹی پر دو ڈاکٹرز اور دو نرسیں موجود تھیں،وہ محفوظ رہے،نومولود کی والدہ محفوظ رہیں،ایک بچے کو عملہ نے بچایا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں تمام حفاظتی انتظامات موجود تھے،آگ لگنے کی حتمی وجوہات کا تعین نہیں ہوا، ہمارے فرانزک کے ماہر جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اے سی کمپریسر میں دھماکہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ بیشتر بچوں کی موت دھوئیں میں دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔انہوں نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔











