قصور،27 اگست (اے پی پی): برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی شاعر سید عبداللہ المعروف حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ تین روزہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز جمعرات کے روز قصور میں ہو گیا ہے۔ 27 اگست سے 29 اگست 2026ء تک جاری رہنے والی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف کو عرقِ گلاب سے غسل دے کر کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے فنانس و ریونیو میاں سعد وسیم شیخ، چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی وزیر اعلیٰ پنجاب حاجی نعیم صفدر انصاری، ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور چوہدری احمد لطیف ایڈووکیٹ، مذہبی امور کمیٹی کے ممبران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
عرس مبارک کے موقع پر ملک بھر سے عقیدت مندوں اور زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر قصور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام تقریبات کی براہِ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے زائرین نے “اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ نے ہمیشہ امن، پیار، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا اور آج ہمیں آپ کی تعلیمات اور افکار پر عمل پیرا ہونے کی شدید ضرورت ہے۔
زائرین کا کہنا تھا کہ بابا جی کا عارفانہ و صوفیانہ کلام دنیا بھر میں ذوق و شوق سے پڑھا اور سنا جاتا ہے۔ آپ نے اپنی تمام زندگی دینِ متین کی اشاعت اور ترویج کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ عقیدت مندوں نے مزید کہا کہ بابا جی کے مزار پر حاضری دے کر قلبی و روحانی سکون میسر آتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ تمام مذاہب و مکاتبِ فکر کے لوگ بلا تفریق یہاں آ کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔











