’’بیک ٹو سکول‘‘ مہم: سرکاری سکولوں میں تعلیمی ماحول مزید بہتر بنانے پر توجہ، کمشنر ملتان

3

ملتان,29 اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ’’بیک ٹو سکول‘‘ مہم کے تحت کمپریہینسو بوائز ہائی سکول ملتان میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن صفدر واہگہ اور سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز بھی تقریب میں موجود تھے۔کمشنر عامر کریم خاں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ان کے اساتذہ میں شیلڈز و سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ طلبہ میں مفت سکول بیگز، کتب اور اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ’’بیک ٹو سکول‘‘ مہم کا مقصد تعطیلات کے بعد طلبہ کا گرمجوشی سے استقبال اور انہیں باقاعدگی سے سکول لانا ہے۔ سکولوں کو پرکشش بنا کر ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے تعلیمی نتائج اچھے ہیں تاہم انہیں مزید بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔ اساتذہ صرف نصاب کی تدریس تک محدود نہ رہیں بلکہ طلبہ کی کردار سازی کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ بچوں کو ذمہ دار شہری بنانے کے لیے لائف اسکلز کو تعلیمی تربیت کا حصہ بنانا ضروری ہے۔کمشنر نے کہا کہ طلبہ کو صفائی، ذاتی حفظان صحت، ٹریفک قوانین اور پبلک مقامات کے مناسب استعمال کے حوالے سے بھی تربیت دی جائے۔ موٹر سائیکل چلانے والے طلبہ ڈرائیونگ لائسنس کی تمام قانونی شرائط پوری کریں اور دوران سفر ہیلمٹ کا لازمی استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے ’’ون سٹوڈنٹ، ون پلانٹ‘‘ اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد طلبہ میں شجرکاری کو مستقل عادت بنانا ہے۔ طلبہ کو پودے فراہم کرکے ان کی کئی سال تک دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی سونپی جا رہی ہے۔کمشنر نے بتایا کہ ’’مادر علمی سے رابطہ‘‘ اقدام کے تحت سابق طلبہ کے تعاون سے سکولوں میں تقریباً 24 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے گئے ہیں۔ جلالپور پیروالا کے ایک سکول میں طلبہ کی تعداد ایک سال کے دوران 50 سے بڑھ کر تقریباً 2 ہزار تک پہنچ گئی، جو اساتذہ کی کمٹمنٹ اور بہتر تعلیمی ماحول کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت اور کمٹمنٹ جبکہ طلبہ کی مسلسل جدوجہد ہی بہتر تعلیمی نتائج کی ضمانت ہے۔ طلبہ اپنے اساتذہ کی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے محنت کو اپنا شعار بنائیں۔سی ای او ایجوکیشن طاہرہ عزیز نے کہا کہ ’’بیک ٹو سکول‘‘ مہم سکول لیول پر بھی منعقد کی جا رہی ہے تاکہ تعطیلات کے بعد طلبہ کی سکولوں میں واپسی کو خوشگوار، مؤثر اور حوصلہ افزا بنایا جا سکے۔