لودھراں ،29 اگست (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لودھراں کی جانب سے ویلکم بیک ٹو سکول پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری سکولوں میں طلبا و طالبات کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ انرولمنٹ مہم کے دوران نئے داخل ہونے والے بچوں کو بھی خوش آمدید کہا گیا اور ان میں کتب و سکول بیگز تقسیم کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے گورنمنٹ ہائی سکول گاگن ہٹہ کا دورہ کرکے طلبا و طالبات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ دور جدید میں تعلیم کی اہمیت مسلمہ ہے، زیور تعلیم سے آراستہ قومیں ہی دنیا میں ترقی کرتی ہیں۔ حکومت پنجاب نے تعلیم سے محروم بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کا عزم کر رکھا ہے۔ افسران اور اساتذہ کی گھر گھر جا کر بچوں کو سکولوں میں لانے کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی کاز اور حب انسانیت کے جذبے کے تحت انرولمنٹ مہم کو کامیاب بنایا جائے، ہمارا ہر بچہ اور بچی سکول ضرور جانا چاہیے۔ طلبا و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل سکلز پر بھی توجہ دیں۔ پنجاب حکومت فروغ تعلیم کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرتی رہے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات میں کتب اور سکول بیگز تقسیم کیے۔











