خانیوال میں ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام سہولت بازار کے سٹال ہولڈرز اور عملے کے لیے فائر سیفٹی آگاہی سیشن کا انعقاد

4

خانیوال،01 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین ملک افضل کھوکھر کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام سہولت بازار خانیوال میں ایک فائر سیفٹی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن کا بنیادی مقصد سٹال ہولڈرز اور انتظامی عملے کو آتشزدگی سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیشن کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تمام سٹال ہولڈرز کو آگ لگنے کی صورت میں فوری اور مؤثر اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مختلف اقسام کے فائر ایکسٹنگوئشرز کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں بالخصوص ڈی سی پی (DCP) اور کاربن ڈائی آکسائیڈ فائر ایکسٹنگوئشرز کے درست استعمال کا طریقہ سکھایا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے گیس سلنڈرز، بجلی کے آلات اور دیگر آتش گیر اشیاء کا استعمال کرتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر شدید زور دیا۔ اس موقع پر فائر فائٹر ریسکیو 1122 محمد امتیاز، منیجر سہولت بازار انجینئر عبدالرحمٰن، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب خانیوال احمد رضا قادری اور نائب صدر انجمن تاجران ملک کاشف مجید نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

بازار انتظامیہ کے مطابق سہولت بازار میں آمدورفت کرنے والے شہریوں اور وہاں کام کرنے والے سٹال ہولڈرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام فائر سیفٹی اقدامات پر سخت عملدرآمد کروایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔