ملتان،02 ستمبر(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں 21 سے 24 ستمبر تک خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پولیو مہم کی تیاریوں، ٹیموں کی تشکیل اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 7 لاکھ 82 ہزار 252 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 399 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی کے لیے 833 ایریا انچارجز اور 135 یونین کونسل میڈیکل افسران بھی فرائض انجام دیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، جبکہ مہم کے دوران ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور 100 فیصد کوریج یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔











